بارسلونا میں نویں بین المذہبی عبادت (دعا) بدھ 12 دسمبر کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ہو گی
- Details
- Published on Sunday, 09 December 2007 00:00
گزشتہ 7 سالوں سے بارسلونا سنٹر میں قائم مختلف عبادت گاہوں کی طرف سے ایک چیز کا آغاز کیا گیا ہے کہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ سب مذاہب کے ماننے والے ایک جگہ اکٹھے ہو کر اپنی دعا اور عبادت کریں گے اس پر گزشتہ 7 سے عمل ہو رہا ہے اور گزشتہ سال دسمبر میں 8ویں بین المذھبی عبادت Parroquia del Carme کے چرچ میں کی گئی ۔
اس مرتبہ 12 دسمبر بروز بدھ کو شام 7:30 پر منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں اس بین الذھبی عبادت کا اہتمام کیا جائے گا اس میں یہودی، عیسائی(کیتھولک، پروٹسٹنٹ، آرتھوڈوکس)، اسلام اور سکھ مت کے ماننے والے شرکت کریں گے ۔منہاج اسلامک سنٹر C / Erasme de Janer, 9-11 میں واقع ہے ۔
اس سال اس پروگرام کا موضوع زمین کی حفاظت کے لیے رکھا گیا ہے "زمین ہم سب کا مسکن ہی"۔اس خصوصی پروگرام کا آغاز نمازِ عشاءکے بعد ہو گا، ہر مذہب کے ماننے والے اپنی مذہبی کتابوں سے اس سال کے موضوع پر مختصر خطاب کریں گے ۔
مسلمانوں کی طرف سے اس میں اسلامک کونسل آف کتالونیا، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور ابنِ بطوطہ ایسوسی ایشن حصہ لے رہے ہیں ۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے طلبہ اس موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی لکھی ہوئی بچوںکی دعا "لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری" پڑھیں گے جبکہ علامہ عبد الرشید شریفی سورۃ انعام کی آیاتِ مبارکہ کی تلاوت فرمائیں گے ۔ ہسپانوی عیسائیوں کی طرف سے زبور کی کتاب سے زمین کی حفاظت پر نظم پڑھی جائے گی، جبکہ فلپائن کے عیسائی بھی اپنے طلبہ کے گروپ کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔
7 سال قبل آغاز کردہ اس منصوبہ کی مدد سے بارسلونا کے محلے Raval میں بین المذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے اور ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کے مواقع ملے ہیں ۔ اس سال کی یہ تقریب اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ پہلی دفعہ یہ مسلمانوں کی عبادت گاہ میں ہو رہی ہے ۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے گزشتہ ہفتے Parroquia del Carme میں تمام مذہبی عبادت گاہوں کے نمائندگان نے شرکت کی جس میں پاکستانی مسلمانوں کی نمائندگی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے ناظمِ نشر و اشاعت نوید اصغر نے کی ۔
