منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے عہدیداران کی پیر نصیر الدین شاہ نصیر کی رحلت پر تعزیت ۔
- Details
- Published on Saturday, 14 February 2009 00:00
عالم اسلام اور پاکستان کی معروف علمی و روحانی اور ادبی شخصیت حضرت صاحبزادہ پیر سید نصیر الدین شاہ گولڑوی13 فروری بروز جمعۃ المبارک کو دوپہر کو اسلام آباد میں قضائے الٰہی سے وفات پا گئے ۔ منہاج القرآن سپین کے سپرست محمد نواز کیانی منہاج القرآن بارسلونا کے امیر علامہ عبد الرشید شریفی، صدر حاجی مظہر حسین، سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی، نائب ناظم مالیات قاری عبد الرحمان، ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری سمیت دیگر عہدیداران نے پیر صاحب کی ناگہانی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا، ناظم مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری نے نظامت نشر واشاعت سے اپنی گفتگو میں کہا کہ پیر نصیر الدین گولڑوی کی وفات سے ایک ایسا خلاءپیدا ہو گیا ہے جو کبھی بھی پُر نہیں ہو سکے گا ۔ تحریک منہاج القرآن بارسلونا کے دونوں مراکزمیں نمازِ جمعہ کے بعد پیر صاحب کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی ۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر محمد عتیق الرحمان، سیکریٹری جنرل احسن جاوید خان اور دیگر نوجوانوں نے بھی پیر صاحب کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
پیر صاحب وطن عزیز کے معروف روحانی خانوادہ گولڑوہ شریف کے سجادہ نشین تھے اور ان کا شمار ملک کے چوٹی کے شعراءمیں ہوتا تھا۔ وہ ایک صاحب علم اور محقق تھے ۔ انہوں نے بہت سے موضوعات پر قلم اٹھایا اور شاندار علمی ورثہ مرتب کیا۔ ان کی 40 سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں ۔ وہ بیک وقت فارسی، اردو، عربی اور پنجابی میں شعر کہتے تھے ۔ ان کے متعدد شعری مجموعے اہل ذوق سے تحسین حاصل کر چکے ہیں۔ وہ خانقاہی نظام کو روائتی تصور کی بجائے ایک فعال علمی اور تربیتی کردار کا حامل دیکھنے کے متمنی تھے ۔ وہ امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے دعوتی اور تبلیغی دورے بھی کرتے تھے اور ملک و بیرون ملک ایک وسیع حلقہ ارادت رکھتے ہے ۔
پیر صاحب تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ہونے والی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے اور تحریک کی سرگرمیوں سے با خبر بھی رہتے تھے ۔28 جون2008 کو جب پیر صاحب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے چھوٹے صاحبزادے حسین محی الدین قادری کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی اور دولہے کے لیے خود اپنا لکھا سہرا بھی پیش کیا تو یہ تحریک منہاج القرآن کے کسی بھی پروگرام میں ان کی آخری شرکت تھی ۔اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 3 مارچ کو ہونے والی آل پاکستان علماءو مشائخ کانفرنس میں بھی پیر صاحب نے خصوصی شرکت کرنا تھی، اور اس سلسلہ میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ایک روز قبل ان کا ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا ۔ جس میں پیر صاحب نے آل پاکستان علماءو مشائخ کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پیر نصیر الدین گولڑوی صاحب اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے بھی رابطے میں رہتے تھے ۔ پیر صاحب کی اچانک اور قابلِ افسوس وفات امت مسلمہ کے لیے بھی سانحہ ارتحال ہے جس کو تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر کے قائدین و کارکنان ایک بڑا نقصان سمجھ کر پیر صاحب کے اہلخانہ و مریدین کے غم میں شریک ہیں ۔
